امجد صابری کے اہل خانہ عدم تحفظ کا شکار، بیرون ملک منتقلی کا فیصلہ
کراچی: شہید قوال امجد صابری کے اہل خانہ نے پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق شہید امجد صابری کے اہل خانہ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان چھوڑ کر لندن جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امجد صابری کے بھائی عظمت صابری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ ہم نے اپنی زندگیاں کراچی میں گزار دیں مگر اب ہم خوف زدہ ہیں، امجد صابری کی شہادت کے بعد ہماری زندگیوں کو بھی لیاقت آباد میں خطرات لاحق ہیں جس کے باعث ہم نے لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عظمت صابری کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال ہے حکومت ہمارے سفری اخراجات برداشت کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے بھائی کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شہید امجد صابری کی والدہ نے کہا کہ میں مزید بچوں کو نہیں کھونا چاہتی، بہت سوچنے کے بعد ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے بھی لوگ ڈیفنس شفٹ ہونے کا مشورہ دیتے تھے، لیاقت آباد سے محبت کی وجہ سے ڈیفنس شفٹ نہیں ہوئے تھے، ہمیں باہر جانے کیلئے پاکستانی حکومت کی مدد کی ضرورت ہے۔ امجد صابر ی کے بھائی طلحہ صابری نے کہا کہ مشکوک لوگ محلے میں میرے متعلق معلومات لے رہے ہیں، اس سے پہلے کہ کچھ غلط ہو ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں، حکومت باہر جانے میں ہماری مدد کرے۔