ایک دن کراچی کے عوام کو کال دوں گا اور عوام کا سیلاب سڑکوں پر ہوگا، مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایک دن کراچی کے عوام کو کال دوں گا اور عوام کا سیلاب سڑکوں پر ہوگا اور 30 منٹ میں ہمارے 16 مطالبات پورے ہوجائیں گے۔ کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ معزز معاشروں میں احتجاج کی ضرورت پیش نہیں آتی لیکن ہم گزشتہ 13 دن سے فٹ پاتھ پر سورہے ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، اگر ریڈ زون چلا جاتا تو یقیناً خبروں کی زینت بھی بن جاتا لیکن عوامی مسائل جوں کے توں ہی رہتے، ایک دن کراچی کے عوام کو کال دوں گا اور عوام کا سیلاب سڑکوں پر ہوگا، انہیں اپنے حقوق کی جنگ کے لئے ایک دن کی قربانی دینی ہوگی اور ہماری آواز پر باہر نکلیں گے تو 30 منٹ میں ہمارے 16 مطالبات پورے ہوجائیں گے، اگر یہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو شہر قائد کے حالات اس سے بھی بدتر ہوجائیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت نے پولیس کا بیڑا غرق کردیا ہے، اگر رینجرز نے دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ہے تو حکومت سندھ ہر 3 ماہ بعد یہ ڈرامہ رچاتی ہے اور اپنے ہی بلائے ہوئے رینجرز پر سودے بازی شروع کردیتی ہے، حکومت کو نا ہی آئی جی پسند آتا ہے اور نا رینجرز سے خوش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت شہر کا سب سے بڑا مسئلہ رینجرز کے اختیارات ہیں، عوام یہ ظلم کب تک برداشت کریں گے اور یہ بدترین حکومت کب تک ایسے پی چلتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو اس نہج پر نہ لے جائے کہ وہ کفن باندھ لیں اور جابر حکمرانوں کو کفن بھی میسر نہ ہو، تاریخ گواہ ہے کہ بڑے بڑے فرعون ظالم جابر لوگوں کو کفن میسر نہیں ہوئے۔ پی ایس پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جان بوجھ کر وائٹ کالر کرائم کررہے ہیں، حکومت میں بیٹھے افراد 3 لاکھ بچوں کے قاتل ہیں اور بچوں کے خون کرکے ہی اپنے پیسے بنا رہے ہیں یہ ہماری آئندہ نسلوں کے بھی قاتل ہیں۔