سندھ
پاناما لیکس کیس کے فیصلے پر اربوں روپے کا جوا لگ گیا
کراچی: پاناما لیکس کے فیصلے پر جہاں سیاسی جماعتیں متحرک ہیں وہیں جواریئے بھی میدان میں کود پڑے ہیں اور کراچی میں پاناما کے فیصلے پر 65 فیصد سے زائد لوگ سٹہ لگا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کے فیصلے کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے جہاں سیاسی ماحول میں گرما گرمی ہے تو دوسری طرف سٹے باز بھی میدان میں کود پڑے ہیں اور اربوں روپے کا جوا لگ گیا ہے۔ کراچی میں اب تک 65 فیصد سے زائد لوگوں نے پاناما کے فیصلے پر سٹہ لگایا ہے، نواز شریف کیخلاف فیصلہ فیورٹ قرار دیا گیا ہے، وزیراعظم کیخلاف فیصلے پر ایک روپے تیس پیسے ریٹ نکالا گیا ہے۔ وزیراعظم کے حق میں فیصلے پر 70 پیسے ریٹ رکھا گیا ہے، کراچی میں سب سے زیادہ پیسہ نواز شریف کیخلاف فیصلے پر لگایا گیا ہے۔