پیپلز پارٹی نے تنظیم سازی مکمل کرلی، اگلی حکومت ہماری ہوگی، عمران خان اپوزیشن لیڈر ہوں گے، شوکت بسرا
کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنی تنظیم سازی مکمل کرلی ہے اور آنے والی حکومت ہماری پارٹی کی ہوگی جبکہ عمران خان اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ عمران خان مخالف بات اس لئے کرتے ہیں تاکہ لوگ ساتھ رہیں کیونکہ ان کا ایک اپنا مائنڈ سیٹ ہے اور وہ اسی انداز پر چلتے ہیں لیکن میرے خیال میں خان صاحب متنازع بیانات دے کر میاں نواز شریف کو کمزور کرنے کے بجائے انہیں مضبوط کرتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں کہتا سندھ میں حالات اچھے ہیں، میں صوبے کے موجود حالات سے اچھی طرح واقف ہوں لیکن ہماری پارٹی نے اپنی تنظیم سازی مکمل کرلی ہے، انشاءاللہ آگے بڑھیں گے اور سندھ کے حالات میں مزید بہتری لائیں گے، رہی بات پنجاب میں سرخرو ہونے کی تو اس میں کوئی شک نہیں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں سخت محنت کی ضرورت ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف مکمل طور پر فارغ ہوجائے گی کیونکہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہوسکتا۔