کراچی : خبرادار نادرا کے باہر گھومنے والے ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں
کراچی: چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہر قائد میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے آج کراچی میں میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، میگا سینٹر سیمنز چورنگی، عوامی مرکز لیاقت آباد اور کلفٹن کے نادرا رجسٹریشن سینٹرز کے آپریشنل، انتظامی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چیئرمین نادرا نے شہریوں کو نادراخدمات کی فراہمی آسان اور باسہولت بنانے اور درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
انھوں نے نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لیے پولیس اور ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کیے، اور کراچی میں عملے کی شکایت دور کرنے کے لیے ایچ آر ڈائریکٹوریٹ کو 50 ڈیٹا انٹری آپریٹرز، 15 ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھرتی کی ہدایت کی۔
چیئرمین نادرانے موبائل رجسٹریشن وین کو شام کے وقت بھی تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی، نیز کراچی میں میگا سینٹرز پر عام شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وراثتی سرٹیفکیٹ کا الگ نیا میگا سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
انھوں نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو کسی پریشانی یا لمبی قطاروں میں انتظار کا سامنا کیے بغیر اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔