سندھ

رینجرز کا مقابلہ غیر ملکی طاقتوں سے ہے، ہر 3 ماہ بعد خصوصی اختیارات کو متنازع نہیں بنانا چاہیئے، چوہدری نثار

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ہر تین ماہ بعد رینجرز اختیارات کو متنازع نہیں بنانا چاہیئے، رینجرز کا مقابلہ غیر ملکی طاقتوں سے بھی ہے اور کچھ دوست نما دشمن بھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے رینجرز پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج رینجرز کے جوانوں آپ کی عزت صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ پورا پاکستان آپ کی کارکردگی پر فخر کرتا ہے، آپ کے مشکور ہیں کہ آپ نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر امن لانے کے لئے کردار ادا کیا ہے، کراچی اور سندھ پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے، آپریشن میں تمام انٹیلی جنس ایجنسیز نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ چوہدری نثار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن ہوگا تو پورے پاکستان میں امن ہوگا، کراچی میں امن ہوگا تو دشمنوں کے عزائم خاک میں ملیں گے، رینجرز نے قربانی اور بہادری سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایک شخص کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا تھا، وہ کہتا آگ لگا دو تو آگ لگا دی جاتی، رینجرز نے خدمت اور بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ رینجرز نے خون سے تاریخ رقم کی اور پاکستان کیلئے جان کا نذرانہ دیا، مشکلات باہر سے بھی تھیں، خارجی بھی تھیں اور اندرون خانہ بھی تھیں، اس کارکردگی کا کریڈٹ ایک ایک جوان کو جاتا ہے، رینجرز کو جنرل رضوان اختر اور جنرل بلال اکبر نے لیڈرشپ دی جبکہ ساڑھے 3 سال میں رینجرز سندھ نے کراچی میں 9500 آپریشنز کئے، آپریشن کے دوران منوں کے حساب سے اسلحہ ضبط کیا، رینجرز کو دل جیتنے کیلئے بھی کامیابی سے آگے بڑھنا ہے۔ آخر میں اپنے خطاب میں چوہدری نثار نے کہا کہ رینجرز کا بجٹ ساڑھے 3 سال میں 7 سے 12 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، ہم نے جرائم پیشہ افراد کو بھاگنے پر مجبور کر دیا اور رینجرز کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنیکی نہیں بلکہ سہولت دینے کی ضرورت ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close