جے آئی ٹی کے سامنے نواز شریف اجمل پہاڑی کی طرح کھڑے ہونگے، افتخار چوہدری
سکھر: سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے سامنے نواز شریف اجمل پہاڑی کی طرح کھڑے ہونگے، ہر جگہ سے آواز بلند ہورہی ہے کہ نواز شریف استعفیٰ دو۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے افتخار چوہدری نے کہا کہ 2 ججز نے واضح طور پر کہا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 مئی کو ڈکٹیٹر شپ کی وجہ سے شرپسندوں نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا، 12 مئی کے واقعات کا مقدمہ مختلف اوقات میں زیر سماعت رہا اور اس سانحے میں شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
افتخار چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء کی تحریک کی وجہ سے ملک میں جمہوریت آئی، 12 کو وکلاء نے قربانیاں دیں، سندھ ہائیکورٹ کو بھی اس دن بند کرنے کی کوشش کی گئی۔ سابق چیف جسٹس نے کہا کہ آج بانی ایم کیو ایم کا نام پاکستان سے مٹ چکا ہے، خود وہ لندن میں منہ چھپائے بیٹھا ہے اور اس کے ساتھی یہاں گروپ بنا رہے ہیں، جبکہ موجودہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی دہشت گردی کے واقعات کا اعتراف کیا ہے۔