سندھ

اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل ہونے تک کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے، عمران خان

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جب تک بلدیاتی نظام ٹھیک نہیں ہوگا تو اس وقت تک شہر کے مسائل بھی حل نہیں ہوں گے، جب کہ کراچی کی انتظامیہ سدھر جائے تو حالات خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تاجروں کو تحفظ نہ ہو تو ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی اور جب پولیس غیر سیاسی اور بااختیار ہوگی تو جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی، جیسے ہم نے خیبرپختونخوا میں پولیس کو اختیارات دیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات بلدیاتی نمائندوں اور اداروں کو منتقل ہونے تک کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور ہمیں اخلاقی اور ایمانی قوت کی ضرورت ہے، لیکن ہم خود بھی اپنے حالات ٹھیک کرنے کی کوشش نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستانی عوام کی حالت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے، اگر ہم خود کو تبدیل کر لیں تو پاکستان تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی جیسا شخص اختیارات کا رونا رو رہا ہے اور خیبرپختونخوا جیسے اختیارات مانگ رہا ہے، ہم نے کے پی کے میں تمام اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دیئے ہیں، کراچی کی انتظامیہ سدھر جائے تو حالات خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کرنے والی قوم ہے، لیکن سب سے کم ٹیکس دیتی ہے کیونکہ عوام کو پتہ ہے کہ ان کے ٹیکس کے پیسے سے پاناما اور دبئی میں فلیٹس خریدے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران مت بھولیں کہ بے روز گاری کا بم کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے، اگر قوم کو حکومت پر اعتماد ہو جائے تو ہمیں آئی ایم ایف اور کسی بھی ملک سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close