کراچی: سابق گورنر عشرت العباد اور ڈاکٹر فاروق ستار کے بیان کے بعد گھر بیٹھے متحدہ قومی موومنٹ کے دیگر سابق رہنماؤں نے ساتھ مل کر آگے چلنے کی کوششوں کو اہم قدم قرار دے دیا
ایم کیو ایم اور اس کے بعد پی ایس پی کو چھوڑ کر گھر بیٹھنے والے رہنماؤں نے بھی کوششیں شروع کردی، ڈاکٹرصغیراحمد، وسیم آفتاب ، سلیم تاجک اور سیف یار خان نے ڈاکٹر فاروق ستار کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔
سابق رہنماؤں کا اپنے مشترکہ بیان میں کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کا شہری سندھ کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد کا بیان بہت اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑ ھیں : غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا آغاز بحریہ ٹاؤن سے کیا جائے، ڈاکٹر فاروق ستار
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے تمام دوستوں اور بھائیوں کو مشترکہ جدوجہد کے لئے اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر دعوت دینے کے عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سابق رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد، ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو ملک اور شہری سندھ کے مسائل کے حل کے لئے کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔
اپنے مشترکہ بیان میں ان کا مزید کہنا تھا ڈاکٹر عشرت العباد کا یکجہتی باہمی عزت و احترام کے لئے پہل کرنے کا اقدام لائق تحسین ہے، شہری سندھ کے مسائل باہمی یکجہتی عزت واحترام کے بغیر حل نہیں ہوسکتے۔