شہر قائد میں بس میں سفر کرنے والے خوش ہو جائیں
کراچی۔ شہر قائد کے باسیوں کو آج گرین لائن بس کا تحفہ ملنے والا ہے لیکن یہ منصوبہ آخر کیا ہے اور عوام اس سے کیسے مستفید ہوں گے اس سے متعلق بھی تمام تر تفصیلات منظرعام پر آ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گرین لائن بس ریپڈ سروس ملک کا پہلا تیز ترین ٹرانزٹ سسٹم ہو گاجو 16 ارب روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہو گا اور تمام فنڈز وفاق مہیا کرے گا۔
بس کا روٹ سرجانی ٹاﺅن سے میونسپل پارک ایم اے جناح روڈ تک ہو گا اور اس کا ٹریک 11.7 کلومیٹر بالائی اور 7.7 کلومیٹر زیر زمین ہو گا۔ منصوبے کیلئے 22 سٹیشنز بنائے جائیں گے اور اگلے سال کے وسط تک عوام ان بسوں پر سفر شروع کریں گے اور یومیہ 3 لاکھ مسافر مستفید ہو سکیں گے۔ اس منصوبے کیلئے تمام بسیں ائیرکنڈیشنڈ ہوں گی اور ایک بس میں کل 34 مسافر سفر کریں گے جبکہ ایک بس میں 13 نشستیں خواتین کیلئے مخصوص کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق بس میں 2 دروازے اور ایک ایمرجنسی دروازہ بھی ہو گا جبکہ اس بس میں سفر کرنے والے معذور اور معمر افراد کیلئے رہائتی ٹکٹ بھی دیا جائے گا۔