سندھ
سڑک گھروں میں شامل کرنے والوں کو جگہ خالی کرنے کا حکم
کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سڑک گھروں میں شامل کرنے والوں کو جگہ خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں نارتھ کراچی انڈہ موڑ کی سڑک کو گھروں میں شامل کرنے پر نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہمارے پاس لیز ہے، کیسے مسمار کیا جاسکتا ہے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ نسلہ ٹاور والوں کے پاس بھی لیز، دستاویزات موجود تھے۔ سب بن جاتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ کچھ نہیں چھوڑا، نہ روڈ چھوڑا، نہ اسکول، نہ ہی پارک، سب پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔ 150 فوٹ روڈ پر قبضہ کیا گیا ہے۔
جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ آپ کی درخواست قابل سماعت کیسے ہوسکتی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پہلے متبادل جگہ دی جائے۔ جب لیز ہوئی اس وقت تو روڈ نہیں تھا۔ ہمیں صرف تین دن کا شوکاز دیا گیا ہے۔
جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کہا کہ آپ کی درخواست پر فیصلہ آج ہی کریں گے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔