کراچی: کے علاقے بنارس ٹاؤن میں رات گئے ہونے والا مبینہ مقابلہ جس میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جعلی نکلا
ایس ایچ او جوہر آباد غیور سمیت پوری پولیس پارٹی گرفتار کرلی گئی، ایس ایچ او جوہر آباد کا نام نہاد انفارمر بھی پولیس کی گرفت میں آگیا۔
ایس ایچ او بالا افسران کے علم میں لائے بغیر ویسٹ میں داخل ہوا، ایس ایچ او نے ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کو بھی آگاہ نہ کیا۔ ایس ایچ او مبینہ طور پر ایک زمین کے تنازعہ پر جوہر آباد گیا تھا۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے پوچھا گیا تو ایس ایچ او نے کہا کہ وہ ڈاکو کا پیچھا کر رہا تھا۔
پولیس حکام کی جانب سے واقعے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑ ھیں : ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے
تھانہ پیر آباد کی جانب سے کہا گیا کہ بنارس میں جوہر آباد پولیس نے مکان پر مبینہ چھاپہ مارا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مکان کے تنازعے پر پیش آیا، زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات لے لیے گئے ہیں۔ ہلاک افراد کی شناخت شبیر، یار گل اور عبد اللہ کے ناموں سے ہوئی۔
واقعے میں زخمی افتخار شاہ کے بھائی سلمان شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درجن سے زائد مسلح افراد نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، مسلح افراد اسلحے کے زور پر مکان خالی کروانا چاہتے تھے۔
سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ مسلح افراد میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل تھے، تصادم میں فائرنگ سے میرا بھائی زخمی ہوا جبکہ باہر سے آنے والے 3 افراد بھی فائرنگ میں ہلاک ہوئے۔