داعش کالعدم جماعتوں کیساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کر رہی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
کراچی: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر بننے والے اتحاد میں شامل تکفیری وہابی شیعہ و سنی بھائیوں میں تصادم چاہتے ہیں، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ملک دشمن عناصر سی پیک منصوبوں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ چینی باشندوں کا قتل انہی سازشوں کا حصہ ہے۔ داعش کالعدم مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر قومی سلامتی کو نقصان پہچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ بلوچستان کا علاقہ مستونگ دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے۔ جبتک اس پورے علاقے میں کومبنگ آپریشن نہیں کیا جاتا، تب تک دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اسلامی عسکری اتحاد میں شامل ہر ملک کی وابستگی اپنے مفادات سے جڑی ہوئی ہے۔ یہ اتحاد اگر دہشتگردی کے خلاف ہوتا تو غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر خاموش نہ بیٹھتا۔
امریکہ جانتا ہے کہ اسرائیل کی بقاء عالم اسلام کی کمزوری سے مشروط ہے۔ یہود و نصاریٰ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے وہ اپنے مسلم خیر خواہوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ قبلہ اول پر غاصبانہ قبضہ کرنے والوں کے ساتھ ہیں یا ان قوتوں کے ساتھ ہیں، جو بیت المقدس کی یہودی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس اسرائیل کے خلاف نفرت کے اظہار کا عالمی دن ہے۔ جسے دنیا بھر کے مسلمان مناتے ہیں، پاکستان میں بھی یوم القدس کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ رمضان المبارک کے آخری جمعہ 27 رمضان المبارک کو ملک بھر میں یوم القدس کے اجتماعات منعقد ہوں گے اور دنیا بھر کے مظلوموں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور قبلہ اوّل بیت المقدس کی صہیونیوں کے قبضہ سے آزادی کی جدوجہد کا عزم کیا جائے گا۔