چینی بحریہ کے 3 جہاز کراچی پہنچ گئے، نیول چیف کا دورہ
کراچی: چینی بحریہ کا 3 بحری جہازوں چانگ چن، جنگ ژہو اور چاؤ ہو پر مشتمل ٹاسک گروپ خیرسگالی و تربیتی دورے پر کراچی پہنچ گیا۔ بندر گاہ آمد پر ایک پر وقار استقبالیہ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے سینئر حکام اور چینی سفارتخانے کے عملے نے جہازوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء ﷲ نے چینی جہاز کا دورہ بھی کیا اور مشن کمانڈر ریئر ایڈمرل شین ہاؤسے ملاقات بھی کی، ریئر ایڈمرل شین ہاؤ، ڈپٹی کمانڈر ایسٹ سی فلیٹ، اس بحری بیڑے کی قیادت کررہے ہیں۔ چینی جہاز کے آمد کے موقع پر چینی بحریہ کے ایک چاک و چوبند دستے نے ایڈمرل ذکاء اللہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، دورے کے دوران نیول چیف نے جہاز کے عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کی آپریشنل صلاحیتوں کو بھی سراہا، نیول چیف نے کہا کہ پاک چائنا دوستی بہت اہمیت کی حامل ہے، دونوں ممالک کے مسلسل باہمی تعاون کی وجہ سے دونوں کو تقویت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان تعاون کو فروغ حاصل ہوگا اور اکٹھے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ کراچی میں اپنے قیام کے دوران جہازوں کے افسران اور جوان اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں اور پیشہ ورانہ معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کریں گے۔ مزید برآں سینئر پاکستان نیوی اور سویلین حکام سے ملاقاتیں، آپریشنل و تربیتی سرگرمیاں اورمتعدد پیشہ ورانہ اور سماجی امور پر بات چیت بھی اس دورے کا حصہ ہیں، دورے کے اختتام پر پاکستان نیوی اور چینی بحری جہازوں کے درمیان کھلے سمندر میں بحری مشق بھی کی جائیں گی، جس کا مقصد دونوں بحری افوج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔