وزیراعظم نواز شریف اوران کے ساتھی جے آئی ٹی کو متنازعہ بنارہے ہیں، مولا بخش چانڈیو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے ساتھی جے آئی ٹی کو متنازعہ بنارہے ہیں، ہم اگر کچھ بھی بولیں تو ہمارے گریبان پر ہاتھ پڑجاتے ہیں۔ ایک خصوصی انٹرویو میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاناما کیس پاکستان کی سیاست میں بھونچال پیدا کرے گا، جے آئی ٹی متنازع نہیں ہے وزیراعظم اور ان کے ساتھی جے آئی ٹی کو متنازعہ بنارہے ہیں، جے آئی ٹی کی جانب سے درخواست معنی خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریکارڈ میں ہیرا پھیری ہورہی ہے تو یہ صورتحال کسی طور بھی درست نہیں، ملک میں غریب کیلئے الگ اور امیر کیلئے الگ قانون ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم کچھ بھی بولیں تو ہمارے گریبان پر ہاتھ پڑجاتے ہیں، یہ لوگ براہ راست دھمکیاں دیتے ہیں انہیں کچھ نہیں کہا جاتا، میاں صاحب ملک میں وفاقی سیاست نہیں بلکہ گلیوں کی سیاست چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے سوال کرنے میں کیا برائی ہے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے معاملے پر ہم نے تو کسی کو دھمکیاں نہیں دی تھیں۔