پی ایس ایل 7 کراچی کا پہلا مرحلہ، لیگ کی تاریخ کے نئے ریکارڈز
پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کا پہلا مرحلہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا ، جس میں لیگ کی تاریخ کے کئی نئے ریکارڈز بنے۔
پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کو بلاشبہ بیٹرز کا مرحلہ کہا جا سکتا ہے، پی ایس ایل کی تاریخ میں اس مرحلے میں سب سے زیادہ 143.57 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز کے پہاڑ بنائے گئے۔
اس پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ باؤنڈریز لگی، چھکے بھی سب سے زیادہ لگائے گئے۔
کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعی اسکور بھی اسی مرحلے میں بنا ، تیز ترین رن بنانے کا ریکارڈ بھی نیشنل اسٹیڈیم کے نام رہا۔
پی ایس ایل سیزن 7 کے اس پہلے مرحلے میں 15 میچز کھیلے گئے تھے جس میں ریکارڈ 7 میچز میں 200 پلس کا مجموعہ اسکور بورڈ پر نظر آیا۔
سات میچوں میں یہ 200 پلس کا یہ ریکارڈ پہلی دفعہ بنا، گزشتہ دو سیزن کے مکمل ایڈیشنز میں صرف 6 میچز میں 200 پلس اسکور کا ٹوٹل بنا تھا۔
پی ایس ایل 7 کے پہلے مرحلے کو یہ اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے کہ پہلے 6 اوورز میں سب سے زیادہ رنز کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا گیا۔
لیگ کے افتتاحی پارٹنر شپ کی بات کریں تو اس میں بھی موجودہ سیزن سب سے آگے ہے ، مجموعی طور پر پہلے مرحلے میں اوپننگ پارٹنر شپ کا اسٹرائیک ریٹ 149 رہا، جبکہ گزشتہ سیزن میں یہ اسٹرائیک ریٹ 137.5 تھا۔