باکسر محمد وسیم نے پاناما کے باکسر کو ناک آؤٹ کر دیا
پاناما: باکسر ڈبلیو بی سی سلور فلائی ویٹ چیمپئن محمد وسیم نے پاناما کے باکسر کو ناک آؤٹ کرکے کیریئر میں مسلسل چھٹی فائٹ اپنے نام کر لی۔ ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت 8 راؤنڈز پر مشتمل فائٹ میں محمد وسیم نے پہلے ہی راﺅنڈ میں حریف کو چت کر دیا تاہم اس نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا، دوسرے راؤنڈ میں محمدوسیم نے ایک بار پھر حریف پر تابڑ توڑ حملے کیے جس سے حریف باکسر رنگ میں گرنے کے بعد دوبارہ اٹھ نہ سکا، محمد وسیم کی یہ مسلسل چھٹی فتح ہے جن میں سے 4 حریفوں کو انہوں نے ناک آﺅٹ کیا ہے۔
عالمی رینکنگ میں وہ فلائی ویٹ کیٹگری میں ورلڈ نمبر ون محمد وسیم ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر میں ہونے والی ڈبلیو بی سی ٹائٹل فائٹ کیلیے 29 جون سے امریکی ٹرینر میف مے ویدر کے ساتھ پاناما میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور آئندہ سال کے شروع میں انہیں ممکنہ طور پر ورلڈ چیمپیئن مے ویدر جونیئر کا سامنا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 17 جولائی کو فلپائن کے جیتھر اولیوا کو ہرا کر وہ ورلڈ سلور ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بنے تھے، 27 نومبر کو انہوں نے فلپائن کے گیمل مگرامو کو شکست دیتے ہوئے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا تھا اور بعد ازاں جنوبی کوریا میں مگرامو کو مات دی تھی۔