کھیل و ثقافت
پاکستان پرامن ملک ہے، رونالڈینو اوردیگر فٹبالرز کا واپسی پر پیغام
لاہور: پاکستان کا کامیاب دورہ کرکے واپس جانے والے نامور فٹبالرز نے واپس جاتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے پھر ملیں گے۔ پاکستان کا دورہ کرنے والے رونالڈینو اور دیگر انٹرنیشنل فٹبالرز و آفیشلز وطن واپس روانہ ہو گئے، رونالڈینو اور ان کے ساتھی پلیئرز و آفیشلز علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ لاہور سے نجی پرواز کے ذریعے دبئی کے راستے برازیل روانہ ہوئے۔
اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ”پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے، پاک فوج کے سپہ سالار اور پاکستان کا شکریہ، پھر ملیں گے۔“ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے رونالڈینو اور دیگر پلیئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ”پاکستان آنے پر آپ کے شکر گزار ہےں، آپ نے دنیا کو بتا دیاکہ پاکستان پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے۔“سوشل میڈیا پر مداحوں نے بھی رونالڈینو اور دیگر پلیئرز کے دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے انٹرنیشنل سپورٹس کی بحالی کیلیے سنگ میل قرار دیا ہے۔