کھیل و ثقافت

پی سی بی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں، افغان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کی جانب سے سامنے آنے والے حالیہ بیان پر افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ’معافی مانگے کی ضرورت نہیں‘ ہے۔ اے سی بی کے چیئرمین عاطف مشعال نے کہا کہ افغانستان، دنیا کے تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک اور انتظامیہ کے ساتھ باہمی احترام اور قومی مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے چند روز قبل لاہور میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اے سی بی کے چیئرمین نے کابل بم دھماکے کے بعد دیے جانے والے اپنے بیان پر شرمندگی ظاہر کی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے کو حل کرنے اور کرکٹ روابط بحال کرنے کے لیے اے سی بی کے چیئرمین کی جانب سے عوامی سطح پر معافی کی ضرورت ہے۔

تاہم اے سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انہیں (پاکستان سے) معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔  خیال رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس جون میں کابل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان کےساتھ دوستانہ میچز کی سیریز منسوخ کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں برس 27 مئی کو لاہور میں اے سی بی کے چیئرمین عاطف مشعل اور پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے امور زیر غور آئے تھے۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 2 دوستانہ ٹی ٹوئنٹی میچز کرائے جائیں گے جن میں سے پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ افغانستان جبکہ دوسرا پاکستان میں ہوگا۔

شہریار خان نے بتایا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کرائی جائیں گی جو افغانستان، پاکستان یا شارجہ میں ہوسکتی ہیں جن کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ پاکستان آئی سی سی معاملات میں افغانستان کی مدد کرے گا اور اسے آئی سی سی کا مستقل ممبر بنوانے کی بھی کوشش کرے گا۔ پریس کانفرنس کے دوران افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پاکستان کی مہمان نوازی اور کرکٹ کی بحالی میں مدد پر اظہار تشکر کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close