کھیل و ثقافت

تین سابق کپتان پی سی بی کیلیے قصہ پارینہ بن گئے

لاہور: یونس خان، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی الوداعی تقریب سجانے کا وعدہ وفا نہ کیا جا سکا، البتہ حال ہی میں چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے سبکدوش ہونیوالے شہریار خان کی خدمات کو بدھ کے روز سراہا جائیگا۔ ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان،سابق کپتان مصباح اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی ملک کیلیے خدمات کو سراہنے کیلیے خصوصی تقریب میں ایوارڈز دینے کا اعلان باربار کیا گیا تھا لیکن یہ وعدہ وفا نہیں کیا جا سکا، دوسری جانب حال ہی میں سبکدوش ہونیوالے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کیلیے الوداعی تقریب بدھ کو سجائی جا رہی ہے، نجم سیٹھی دیگر بورڈ حکام کے ہمراہ اپنے پیش رو کو باضابطہ رخصت کرتے ہوئے خدمات کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا تھا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائیگا کہ ان کی صلاحیتوں سے مستقبل میں کس طرح فائدہ اٹھایا جائے۔ انھوں نے مصباح کو آئی سی سی میچ ریفری نامزد کرنے یا پی سی بی میں کوئی عہدہ دینے کی بات بھی کہی، مگر ہارون رشید کو ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر کرنے کے بعد اندازہ ہوا کہ بورڈ کی ترجیحات بدل چکی ہیں۔

علاوہ ازیں شاہد آفریدی نے اپنے کیریئر کے بہترین انداز میں اختتام کیلیے الوداعی میچ کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن پی سی بی نے غور کرنا ضروری خیال نہیں کیا تاہم دلبرداشتہ سابق کپتان نے نجم سیٹھی کی جانب سے الوداعی میچ کی پیشکش مسترد کردی تھی جبکہ ریٹائرمنٹ کے 3ماہ بعد بھی بورڈ نے تینوں سابق کپتانوں کو پذیرائی کا مستحق نہیں سمجھا لیکن سابق چیئرمین کے اعزاز میں تقریب سجانے میں زیادہ دیر نہیں لگائی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close