خرم منظور کا ایشیا کپ میں شمولیت کا فیصلہ غلط ثابت ہوگیا۔ ہارون رشید
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ خرم منظور کی ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم میں شمولیت بیک فائر کرگئی ،ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کو مدنظر رکھ کر شامل کیا گیا اور اس وقت یہی فیصلہ درست تھا لیکن یہی فیصلہ بعد میں غلط ثابت ہوگیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ خرم منظور کی ٹیم میں شمولیت بیک فائر کر گئی ۔ خرم منظور نے قومی ٹی 20 اور ون ڈے کپ میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی جس کی وجہ سے ہیڈ کوچ کی مخالفت کے باوجود اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسے ٹیم میں شامل کیا۔
انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد کو نیوزی لینڈ کے خلاف خراب کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا تاہم انہوں نے پی ایس ایل کے آخری میچز میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں سلمان بٹ کا نام بھی زیر غور آیا تھا لیکن چونکہ انہوں نے پانچ سال سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نہیں کھیلی اس لیے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔اُنہوں نے کہاکہ کنڈیشنز کیسی بھی ہوں کھلاڑی کو کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔