کھیل و ثقافت

ٹیسٹ کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ، انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز سے شکست

ویسٹ انڈیز نے ٹیسٹ کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ ہیڈنگلے میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن 322 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے پانچ رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو اوپنرز نے ٹیم کو 46 رنز کا معقول آغاز فراہم کیا۔

کیرن پاول 23 رنز بنانے کے بعد اسٹورٹ براڈ کو وکٹ دے بیٹھے لیکن ویسٹ انڈین کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 53 کے مجموعی اسکور پر کائل ہوپ اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع کریگ بریتھ ویٹ کا ساتھ نبھانے شے ہوپ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے مشکل صورتحال میں ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کا بیڑا اٹھایا۔

بریتھ ویٹ اور شے ہوپ نے تیسری وکٹ کیلئے 144 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، بریتھ ویٹ 95 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد معین علی کی وکٹ بنے۔ ہوپ نے دوسرے اینڈ سے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور روسٹن چیز کے ساتھ 49 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا، چیز 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

شے ہوپ نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور جرمین بلیک وڈ کے ساتھ ناقابل شکست 74 رنز کی شراکت قائم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی فتح یقینی بنا دی، بلیک وُڈ 41 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہوپ نے کرس ووکس کی گیند پر دو رنز لے کر اپنی ٹیم کو میچ ں پانچ وکٹ کی تاریخی فتح سے ہکنار کرانے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

پہلی اننگز میں 147 رنز بنانے والے شے ہوپ نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 118 رنز کی باری کھیلی۔ شے ہوپ کو میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے پر بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close