کھیل و ثقافت

3 رنز 5 وکٹیں، سہیل تنویر نے T-20 میں نئی تاریخ رقم کردی

برج ٹاﺅن: کریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑی سہیل تنویر نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں لے کر ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ بارباڈوس کے دارالحکومت برج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے لیگ کے 25 ویں میچ میں سہیل تنویر نے 4 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کین ولیمسن، آئن مورگن، کرین پولارڈ، وہاب ریاض اور ڈوائن اسمتھ کو میدان بدر کیا جن میں سے پہلے 4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ سہیل تنویر نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے اپنی ٹیم گیانا واریئرز کو اہم میچ میں 99 رنز کے بڑے مارجن سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جیسن محمد 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سہیل تنویر نے بطور اوپنر 7 رنز بنائے۔ روی رامپال اور عقیل حسین نے 2,2 جبکہ وین پارنیل اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ وہاب ریاض کو چار اوورز میں 44 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی اور کوئی وکٹ بھی ہاتھ نہ آئی۔ ہدف کے تعاقب میں ٹرائیڈنٹس کی ٹیم سہیل تنویر کی تباہ کن بولنگ کی تاب نہ لا سکی اور صرف 59 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ عقیل حسین (17) سمیت صرف تین بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل ہو سکے، چار کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ پاکستانی پیسر نے اپنے پہلے سپیل میں 2 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور دوسرے سپیل کی آخری گیند پر وہاب ریاض کو پویلین بھیجتے ہوئے پانچویں وکٹ حاصل کی۔ راشد خان نے 3 جبکہ روشون پریمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سہیل تنویر نے 4 اوورز میں 22 ڈاٹ بالز کیں اور صرف دو بالز پر 3 رنز دینے کے ساتھ 5 وکٹیں سمیٹیں اور کفایتی بولنگ میں راشد خان اور رنگنا ہیراتھ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں تاہم دونوں بولرز نے پورے چار اوورز نہیں کئے تھے۔ میچ کے بعد سہیل تنویر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی خود بولتی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ آج میں نے تاریخ رقم کردی اور مسلسل دو مقابلوں میں مین آف میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹوئٹر پر احمد شہزاد نے بھی سہیل تنویر کو اس کارنامے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کامیابی کا تسلسل برقرار رکھنے کو کہا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں سہیل تنویر نے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close