Featuredکھیل و ثقافت
نامور کوہ پیما ساجد سدپارہ نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا
پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ نے بغیر آکسیجن اور لیڈ روپ فکسنگ ٹیم کے نانگا پربت چوٹی سر کرلی،ساجد سدپارہ لیجنڈ کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 4 پاکستانیوں سمیت 24 کوہ پیماؤں نے کامیابی کے ساتھ نانگا پربت کی چوٹی کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اس سے قبل اس پہاڑ کو کبھی ایک ساتھ اتنی تعداد میں سر نہیں کیا گیا۔
ساجد سدپارہ اور شاہ دولت نے آج صبح بغیر اضافی آکسیجن کے نانگا پربت کی چوٹی کو کامیابی کے ساتھ سر کرلیا۔ اس کے بعد امتیاز علی سدپارہ اور یوسف علی نے بھی آج صبح ہی کامیابی کے ساتھ نانگا پربت سر کرلی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابوظفرصادق اور سیکرٹری جنرل کرار حیدری نے پاکستانی کوہ پیما ساجد سدپارہ کو نانگا پربت چوٹی سر کرنے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے وہ آئندہ اور مزید چوٹیاں بھی عبور کریں گے۔
یاد رہے کہ 8125 میٹر بلند نانگا پربت دنیا کا نواں بلند ترین پہاڑ ہے، جس کو ساجد سد پارہ نے پیر کی صبح سات بجے بغیر آکسیجن کے کامیابی کے ساتھ سر کیا ہے۔