کھیل و ثقافت

ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز کی شانداربولنگ، سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار

ابوظہبی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہوگئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابو ظہبی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکن ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے جبکہ اسے صرف 66 رنز کی برتری حاصل ہوسکی ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دیموتھ کرونا رتنے اور کوشل سلوا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 20 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ نے پاکستان کو بڑی کامیابی دلادی اور کرونارتنے کی وکٹ حاصل کی۔ وہ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اسد شفیق نے تھریمانے کو 7 رنز پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
اس کے بعد حارث سہیل نے کوشل سلوا کو ایل بی ڈبلیو کیا، وہ 25 رنز بناسکے۔ سری لنکا کو چوتھا نقصان چندی مل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 7 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جبکہ اسد شفیق اور حارث سہیل نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل قومی پہلی اننگز میں ٹیم سری لنکا کے 419 رنز کے جواب میں 422 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے 266 رنز 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اظہر علی 74 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم وہ زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور 294 کے مجموعی اسکور پر 85 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اظہر علی کے بعد  کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل نے ٹیم کا اسکور آگے برہانے کی کوشش کی تاہم 316 کے مجموعی اسکور پر سرفراز 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد صرف 10 رنز کے اضافے سے محمد عامر بھی واپس پویلین لوٹ گئے۔
اظہر علی اور کپتان سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل نے قومی ٹیم کو سہارا دیا اور 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ 422 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، پاکستان کی جانب سے اظہر علی، شان مسعود اور سمیع اسلم نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اس سے قبل تیسرے دن کے اختتام پر قومی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بناسکی، اوپنرز کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کیا گیا تاہم قومی ٹیم کو پہلا دھچکا سمیع اسلم کی صورت میں لگا جو 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ صرف 2 رنز کے بعد ہی شان مسعود نے بھی اپنے ساتھی کو ڈریسنگ روم میں جوائن کیا، وہ 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تجربے کار بیٹسمین اظہر علی اور اسد شفیق کے درمیان 79 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 39 رنز بناکر ہیراتھ کا شکار بنے جب کہ بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم اس دوران اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں دوسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم 10 وکٹوں کے نقصان پر 419 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکن کپتان چندیمل نے 155 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ اور محمد عباس نے 3 ، 3 شکار کئے جب کہ حسن علی نے 2 اور حارث سہیل ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ محمد عامر کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close