کپتان کی تبدیلی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا
بدقسمتی ہوگی کہ اگر سابق کرکٹرز اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل نہ کرسکیں
پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید نے کہا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ بورڈ میں کرکٹرز زیادہ سے زیادہ آئیں۔
ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ہوسکتا ہے کل ہمیں بابر اعظم سے خود کوئی فیصلہ سننے کو مل جائے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کے حوالے سے ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں میرٹ کو آگے لایا جائے گا۔ بورڈ سمجھتا ہے جس کا کام ہے اسی سے لیا جائے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ بورڈ میں کرکٹرز زیادہ سے زیادہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سسٹم چلانے کےلیے کرکٹرز سے بہتر رائے کوئی نہیں دے سکتا۔ چیئرمین مشاورت کر رہے ہیں کہ کس کھلاڑی کو کیا ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرکٹرز ہی کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے۔ پی سی بی تمام سابق کھلاڑی کی رائے کو خوش آمدید کہے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سے سابق کرکٹرز کی ملاقات پر ابھی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہے۔ نظام بہتر کرنے کے لیے چیئرمین کھلاڑیوں سے بات کریں، تو اچھی بات ہے۔
عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کا نام لیا جارہا ہے لیکن چیف سلیکٹر کےلیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ یونس خان کراچی اکیڈمی میں اچھا کام کر سکتے ہیں، وہ کراچی میں آزادانہ کام کریں۔
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ جونیئر سطح پر سابق کرکٹرز کو ذمہ داریاں دی جائیں گے۔ محمد حفیظ بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں، ان کو بھی ذمہ داری دینا چاہتے ہیں۔ سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کے لیے اچھا انتخاب ہوسکتے ہیں۔
ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نے ورلڈ کپ سے پہلے کوئی مداخلت نہیں کی۔ چیئرمین ابھی معاملات کو خود دیکھ رہے ہیں، کل مکی آرتھر آرہے ہیں، کل میٹنگ ہے اور اس کے بعد کوئی نتیجہ نکلے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ کوئی بھی ہوں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ٹیم آگے جائے۔ چیئرمین ذکا اشرف مسائل کے حل کےلیے سابق کرکٹرز کے مشورے سننا چاہتے ہیں۔
عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہوگی کہ اگر سابق کرکٹرز اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل نہ کرسکیں۔