کھیل و ثقافت

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت فیفا نے معطل کردی

اسلام آباد:  فٹ بال کے عالمی نگراں ادارے فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی جس کے نتیجے میں ملک میں ہر طرح کی انٹرنیشنل فٹبال سرگرمیاں رک گئی ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور حکومت کے درمیان کئی سال سے جاری تنازع کا یہ شاخسانہ برآمد ہوا ہے کہ فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت ہی معطل کردی۔ پابندی کی وجہ سے نہ صرف انٹرنیشنل فٹبالرز پاکستان نہیں آسکیں گے بلکہ پاکستانی ٹیم بھی باہر نہیں جاسکے گی، جب کہ پاکستان کا کوئی فٹ بالر انفرادی طور پر بھی کسی بین الاقوامی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے دو گروپوں کے درمیان فیڈریشن پر کنٹرول کا تنازع ڈھائی سال سے عدالت میں ہے۔ سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریشن احمد یار لودھی نے پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فیفا نے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا پاکستان میں فیصل صالح حیات اور کرنل ریٹائرڈ احمد یار لودھی کی فیڈریشن کو تسلیم کرتی ہے۔ پاکستان نے فیفا کی تسلیم شدہ قومی فیڈریشن کے اکاؤنٹس بحال نہیں کیے اور ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول واپس نہیں کیا جس پر فیفا نے یہ پابندی لگائی۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے بھی تصدیق کردی کہ فیفا نے پابندی کے فیصلے سے پاکستان کو سرکاری طور پر مطلع کردیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ ملک میں ہر طرح کی انٹرنیشنل فٹبال سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی فیفا نے پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ اس کی تسلیم کردہ قومی فٹبال فیڈریشن کو مانتے ہوئے کنٹرول نہ دیا گیا تو پابندی عائد کردی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close