پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا کے 5 وکٹ پر 346 رنز
پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹ پر 346 رنز بنا لیے۔
آسٹریلوی بیٹر مچل مارش 15 اور الیکس کیری 14 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور کل دوبارہ دوسرے دن بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔
آج آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگ کا آغاز کیا۔
دونوں بیٹرز نے پہلی ہی وکٹ پر ٹیم کو 126 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر دی جس کے بعد آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 29.4 اوورز میں 126 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے عثمان خواجہ کو 41 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔
فاسٹ بولر فہیم اشرف نے دوسری وکٹ 37.1 اوورز میں 159 رنز پر حاصل کی، مارنس لبوشین 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے 125 گیندوں پر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 26 ویں سنچری اسکور کی۔
آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56.3 اوورز میں 238 رنز پر گری جب خرم شہزاد نے اسٹیو اسمتھ کو 31 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72.1 اوورز میں 304 رنز پر گری جب عامر جمال نے ٹریوس ہیڈ کو 40 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کچھ ہی دیر بعد 74.5 اوورز میں 321 رنز پر حاصل کر لی جب عامر جمال نے ڈیوڈ وارنر کو 164 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر عامر جمال کا کہنا ہے کہ اگر کیچز ہوجاتے تو آسٹریلیا کے اسکور میں 80 سے 85 رنز مزید کم ہوتے، وارنر نے جس طرح بیٹنگ کی اس کے بعد پاکستان نے اچھا کم بیک کیا۔