آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا شیڈول جاری کردیا
پاکستان کا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکا سے شیڈول ہے
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کا ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی20ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ یکم جون جبکہ فائنل 29 جون کو کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کردیا گیا ہے، گروپ اے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے علاوہ میزبان امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور عمان شامل ہیں، گروپ سی میں میزبان ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، افغانستان، یوگنڈا اور پاپوا نیو گینی اور گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کا پہلا میچ یکم جون 2024 کو ڈیلاس میں امریکا اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، دوسرا میچ 2 جون کو نمیبیا اور عمان کے درمیان بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 20 ٹیمیں شامل کی گئی ہیں اور ان میں سے 10 ٹیمیں امریکا میں پہلا میچ کھیلیں گی، لاؤڈیرہل، ڈیلاس اور نیویارک میں 16مقابلے ہوں گے، ویسٹ انڈیز میں مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے نیو یارک کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں 9 جون کو دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوگا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکا سے شیڈول ہے، قومی ٹیم تیسرا میچ 11 جون کو کینیڈا سے نیویارک میں کھیلے گی اور چوتھا میچ فلوریڈا میں 16 جون کو آئرلینڈ کے ساتھ ہوگا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹکٹس کی فروخت چند دن میں شروع ہوگی اور آئی سی سی کو پاکستان-بھارت میچ سے ریکارڈ آمدن متوقع ہے۔