وقار یونس بنگال ٹائیگرز کے ہیڈ کوچ بن گئے
شارجہ: پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری بولر وقار یونس ٹی 10 لیگ کی ٹیم بنگال ٹائیگرز کے ہیڈ کوچ مقرر ہوگئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے شارجہ میں شیڈول ٹی 10 لیگ میں بنگال ٹائیگرز کے ساتھ معاہدے کے بعد اب سابق کپتان وقار یونس بھی بنگال ٹائیگرز کا حصہ بن گئے ہیں اور وہ ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے جب کہ سرفراز ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سرفراز احمد نے وقار یونس کو ہیڈ کوچ بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈری کھلاڑی کا تجربہ ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگا جب کہ وہ ماضی میں بھی وقار یونس کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور ان دونوں کے درمیان اچھے تعلقات اور گہرے مراسم ہیں جو کہ ٹیم کی بہترین کارکردگی میں مددگار ثابت ہوگا۔
دوسری جانب وقار یونس نے ویڈیو پیغام میں بطور ہیڈ کوچ تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
بنگال ٹائیگرز کو ایونٹ کی مضبوط ٹیم قرار دیا جارہا ہے اور فرنچائز نے اپنے کپتان اور ہیڈکوچ کا تقرر کردیا ہے تاہم دیگر فرنچائزز کی جانب سے کپتان یا کوچ کا تقرر تاحال نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 10 کرکٹ لیگ؛ سرفراز احمد بنگال ٹائیگرز کی قیادت کریں گے
واضح رہے ٹی 10 لیگ 14 دسمبر سے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہورہی ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مایہ ناز کھلاڑی اپنے جوہردکھائیں گے۔