کھیل و ثقافت

کوہلی نے ون ڈے کرکٹ کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔۔

کانپور : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ورات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سنچری سکور کر کے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 9ہزار بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرکا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ۔ بھارتی انگلش اخبار ’’ہندوستان ٹائمز ‘‘  کے مطابق نیوز ی لینڈ کے خلاف کانپور میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھارتی کپتان ورات کوہلی نے شاندار سنچری بنائی تاہم اس سے قبل جب وہ 83سکور پر پہنچے تو ان کے نام ایک نیا ریکارڈ بن چکا تھا ،ورات کوہلی نے 202ویں میچ میں 194اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 9ہزار رنز بنا نے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ،اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بیٹسمین اے بی ڈی ویلئرز کے نام تھا جنہوں نے 214میچ کھیل کر 205ویں اننگز میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا ۔اس سے پہلے بھارت کی طرف سے سارو گنگولی نے 9ہزار رنز 236میچوں کی 228اننگز کھیل کر اپنے نام کیا تھا ،ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں سکور کرنے والے سچن ٹنڈولکر نے 9ہزار رنز 242میچوں کی 235ویں اننگز میں بنائے تھے ۔مسلسل نت نئے ریکارڈ اپنے نام کرنے والے بھارتی کپتان ورات کوہلی 9ہزار رنز مکمل کرنے والے چھٹے بھارتی اور دنیا کے 19ویں کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ بھارت کی طرف سے ورات کوہلی سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں محمد اظہر الدین 9378،مہندر سنگھ دھونی9627،راہول ڈریوڈ 10768سارو گنگولی11221اور سچن ٹنڈولکر 18426رنز کے ساتھ سب سے سکورکرنے والے کرکٹرز ہیں ۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے میچ میں ورات کوہلی نے اپنی اننگز کی 31ویں سینچری سکور کر کے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے تھے ۔یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ بھارتی لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 49سنچریاں بنائی ہوئی ہیں

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close