ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 : کون کون سے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں؟
ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کا آغاز اگلے ماہ یکم جون سے ہوگا تاہم اس میگا ایونٹ میں کئی بڑے ریکارڈز ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ یکم سے 29 جون 2024ءکے درمیان امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن ہے اور اس بار اس میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
سب سے زیادہ چوکے
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز چوکے لگانے کا ریکارڈ سابق سری لنکن کرکٹر مہیلا جے وردھنے کے نام ہے جنہوں نے مختصر ترین فارمیٹ میں 113 چوکے لگانے ریکارڈ اپنے نام کر رکھا جو اس ایڈیشن میں ٹوٹ سکتا ہے۔
فہرست میں دوسرا نمبر پر بھارت کے ویرات کوہلی کا ہے جنہوں نے 103 چوکے لگا رکھے ہیں جبکہ روہت شرما 91، ڈیوڈ وارنر 86 چوکوں کیساتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔
ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز
رواں ایڈیشن میں 20 ٹیموں کے اضافے سے میچز کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ رنز کے انبار لگنے کی بھی توقع کی جارہی ہے، ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی بھارت کے ویرات کوہلی کے نام ہے جنہوں نے 2014 میں 6 میچز میں 319 رنز بنائے تھے، اس سیزن میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹنے کا بھی قوی امکان ہے۔
تیز ترین سینچری
ٹی20 ورلڈ کپ میں 47 اور 50 گیندوں پر سنچریاں بنانے والے کرس گیل کا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ خطرے میں ہے۔
نیپال کے جان نکول لوفٹی نے حال ہی میں مجموعی طور پر ٹی 20 مقابلے میں محض 33 گیندوں پر سنچری بنا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
بطور فیلڈر سب سے زیادہ کیچز
ٹی 20 ورلڈکپ مقابلوں میں بطور فیلڈر سب سے زیادہ کیچز تھامنے والے کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز ہیں، جنہوں نے میگا ایونٹ میں 23 پکڑے ہیں، ان کے بعد روہت شرما اور گلین میکسویل ہیں جنہوں نے 16، 16 تھام رکھے ہیں، فیلڈنگ میں بالادستی کی یہ جنگ ٹورنامنٹ میں مزید جان ڈال سکتی ہے۔