کھیل و ثقافت

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بھارت سے شکست کی روایت برقرار رہی

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت ویمن نے پاکستان ویمن کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ گروپ اے کے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بیٹرز ذمہ دارانہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا روایتی حریف کے خلاف آغاز مایوس کن تھا اور پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گری جب گل فیروزہ 4 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد کھاتہ کھولے بغیر رینوکا سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد سدرہ امین نے منیبہ علی کا 8 رنز بنا کر اسکور 25 رنز تک پہنچانے میں ساتھ دیا۔

عمیمہ سہیل بھی 6 گیندوں کی مہمان ثابت ہوئیں اور 3 رنز کااضافہ کیا جبکہ اوپنر مبینہ علی نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور 17 رنز کے انفرادی اسکور پر شریانکا پٹیل کی وکٹ بنیں۔

تجربہ کار عالیہ ریاض بھی ناکام ہوئیں اور صرف 4 رنز بنائے، طوبیٰ حسن کو بھی شریانکا پٹیل نے صفر پر ہی آؤٹ کردیا، اسی طرح کپتان فاطمہ ثنا جلدی آؤٹ ہوئیں تاہم انہوں نے 8 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے سب سے زیادہ 28 رنز بنائے اور سیدہ عروبہ شاہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 14 رنز کی اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنا کر بھارت کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

بھارت کی جانب سے اروندھتی ریڈھی نے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، شریانکا پٹیل نے اپنے کوٹے میں ایک میڈن اوور کرایا اور 12 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرلیں۔

بھارت نے ہدف کے تعاقب شروع کیا تو سعدیہ اقبال نے سمرتی مندھنا کو 18 کے اسکور پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی تاہم شفالی ورما اور جمیمہ روڈریگز نے دوسری وکٹ کے لیے اچھی شراکت قائم کی اور اسکور 61 رنز تک پہنچایا اور بالترتیب 32 اور 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔

فاطمہ ثنا نے 80 کے اسکورپاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی اور رچاگوش کو صفر پر آؤٹ کیا۔

بھارت نے 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا کر پاکستان کو شکست دی اور قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھارت کی جانب سے کپتان ہرمنپریت کور نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی اروندھتی ریڈھی کو 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close