پہلے ون ڈے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
204 رنز کے تعاقب میں سٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تھی
میلبرن: آسٹریلیا نے 204 رنز کا ہدف 34 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان پیٹ کمنز نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
میچ میں بہترین کھیل پیش کرنے پر فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
قومی ٹیم نے 204 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے بیٹںگ شروع کی تو متیھیو شارٹ 19 کے مجموعی اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اوپنر جیک فریزر 16 رنز بنا کر 28 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
اسکے بعد اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلز کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے، 113 رنز کے مجموعی اسکور پر اسٹیو اسمتھ 44 نز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور اسکے بعد 139 کے مجموعی اسکور پر جوش انگلز 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ مارنس لبوشین 16 اور گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ آرون ہارڈی 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آسٹریلوی ٹیم کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد کپتان پیٹ کمنز اور سین ایبٹ کے درمیان 30 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس سے میزبان ٹیم فتح کے قریب پہنچ گئی۔ 185 کے اسکور پر سین ایبٹ کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے جس کے بعد مچل اسٹارک وکٹ پر آئے اور پیٹ کمنز کے ساتھ ٹیم کو فتح دلائی۔
کپتان پیٹ کمنز نے 4 چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کا پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔