کھیل و ثقافت

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ؛ نیوزی لینڈ کا بھارت کو جیت کیلیے 127 رنز کا ہدف

ناگپور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 10 مرحلے کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کیلیے 127 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ناگپور میں کھیلے جارہے ورلڈکپ سپر 10 مرحلے کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے مارٹن گپٹل نے پہلی ہی گیند پر ایشون کو چھکا رسید کرکے میگا ایونٹ کا آغاز کیا لیکن دوسری ہی گیند پر ایشون نے انہیں آؤٹ کرکے حساب چکتا کردیا تیسرے نبمر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کولن منرو بھی ایک چھکا مارنے کے بعد اشیش نہرا کا شکار  بنے۔ کپتان ولیمسن بھی 8 رنز ہی بناسکے جب کہ روس ٹیلر اچھی فارم میں نظر آرہے تھے لیکن وہ 10 رنز پر رائنا کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ کورے اینڈرسن نے بھرپور مزاحمت کی لیکن ان کی ہمت بھی 34 رنز پر جواب دے گئی بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں مچل سینٹنر 18، گرانٹ ایلیٹ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ لک رونچی 21 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے ایشون، نہرا، بھمبرا، رائنا اور جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کیویز کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ کو دیکھتے ہوئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کوشش کریں گے کہ اسکور بورڈ پر بڑا اسکور کریں اور جیت کو اپنا مقدر بنائیں۔

گزشتہ 11 میں سے 10 مقابلوں میں کامیابی سمیٹنے والا بھارت اونچی ہواؤں میں اڑنے لگا کیوں کہ اسے ہوم گراؤنڈ کے علاوہ کراؤڈ کی بھرپورحمایت حاصل ہے تاہم دونوں ٹیموں کے پاس ورلڈ کلاس بیٹنگ کے علاوہ بولرز بھی ہیں۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ماضی میں 4 مرتبہ ٹی 20 میچوں میں مدِمقابل آچکی ہیں اور ان تمام میچوں میں فتح نیوزی لینڈ کے حصے میں ہی آئی تاہم ان میں سے صرف ایک میچ ہی بھارتی سرزمین پرکھیلا گیا جس میں مہمان نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ایک رن سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 10 مرحلے میں جنوبی افریقا، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور کوالیفائنگ ٹیم افغانستان گروپ “ون” جبکہ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش گروپ “ٹو” میں شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close