کھیل و ثقافت

انڈیا سے جیتے نہیں، ایڈن گارڈنز میں ہارے نہیں

آئی سی سی ورلڈ 20 کے سپر 10 مرحلے میں سنیچر کو پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں ایک بڑے میچ میں مدِمقابل ہو رہی ہیں۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔

ابتدائی طور پر یہ میچ دھرم شالا میں کھیلا جانا تھا تاہم سکیورٹی خدشات کی بنا پر اس میچ کو کولکتہ منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان اور انڈیا کے درمیان ورلڈ ٹی20 مقابلوں میں چار بار آمنا سامنا ہو چکا ہے جس میں انڈیا ہی فاتح رہا ہے۔

جبکہ مجموعی طور پر آئی سی سی ورلڈ ٹی20 اور ورلڈکپ مقابلوں میں دیکھا جائے تو یہ دونوں ٹیمیں دس بار ایک دوسرے کے مدِ مقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان ایک بار بھی کامیابی حاصل نہیں کر پایا ہے۔

دوسری جانب ایڈن گارڈنز کے میدان پر پاکستان کا انڈیا کے خلاف مختصر اوورز کی کرکٹ میں ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ پاکستان اب تک انڈیا کے خلاف مختصر کرکٹ میں کوئی بھی میچ ایڈن گارڈنز میں نہیں ہارا ہے

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستان ورلڈٹی20 مقابلوں میں بھارت سے نہ جیتے کی روایت برقرار رکھتا ہے یا ایڈن گارڈنز میں نہ ہارنے کی۔

آخری بار پاکستان نے انڈیا کے خلاف انڈیا ہی میں ٹی20 میچ سنہ 2012 میں کھیلا تھا۔ جس میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ورلڈ ٹی 20 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانے کے لیے پاکستان ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو دو وکٹوں کی ضرورت ہے۔ یہ ریکارڈ سری لنکا کے فاسٹ بولر لیستھ ملینگا کے پاس ہے جو ان فٹ ہو کر وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں۔

انڈیا کے خلاف کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد عامر، محمد عرفان اور لیگ سپنر شاہد آفریدی بولنگ میں اور بیٹنگ میں محمد حفیظ، احمد شہزاد اور عمر اکمل اہم کھلاڑی سمجھے جا رہے ہیں۔

جبکہ انڈیا کے لیے ویراٹ کوہلی، روہت شرما اور مہندر سنگھ دھونی جبکہ بولنگ میں روی چندرن ایشون، اشیش نہرا اور جسپریت بھمرا اہم کھلاڑی ہوں گے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close