امانت علی نے قومی ترانہ غلط پڑھنے پرمعافی مانگ لی
شفقت امانت علی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں مانتا ہوں کہ پاک بھارت میچ سے قبل قومی ترانہ پڑھنے میں کچھ آڈیو اور ٹیکنیکل مسائل تھے جس کی وجہ سے ایسا محسوس ہوا کہ شاید پڑھنے میں غلطی ہوئی جس پر میں اپنے دوستوں اور ہم وطنوں سے معافی چاہتا ہوں کہ میں ان کی توقعات پر پورا نہ اتر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ میں اپنا پیارا ’’قومی ترانہ‘‘ بھول جاؤں، اگر ایسا ہوتا تو پھر لوگ میرے پاس یہ کہنے کیلئے نہ آتے کہ آپ کی پرفارمنس بہت اچھی تھی
اس تمام تر صورت حال کے باوجود میں معافی چاہتا ہوں کیونکہ میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ معافی مانگنے سے میرے فن یا شخصیت میں کوئی کمی واقع ہو گی، لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ میری اتنے سالوں کی وطن سے والہانہ محبت کے باوجود ہم وطنوں کی مجھ پر اتنے تھوڑے اعتماد سے مجھے دلی صدمہ پہنچا۔ اس کے باوجود ہمیں گرین شرٹس پر اعتماد رکھنا چاہیئے کیونکہ وہی ہماری ٹیم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پاک بھارت میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں شفقت امانت علی نے پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا تھا جس میں انھوں نے پرچم ستارو ہلال کی جگہ ’پرچموں‘ ستارو ہلال پڑھ دیا تھا جب کہ ترجمان ماضی شان حال کی ادائیگی بھی غلط کی تھی جس پر انھیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے