دانش کنیریا نے وزیر اعظم نواز شریف کو تاحیات پابندی ہٹانے کیلئے خط لکھ دیا
اسلام آباد: قومی ٹیم کے سابق سپنر دانش کنیریا نے وزیر اعظم نواز شریف کو تاحیات پابندی ہٹانے کیلئے خط لکھ دیا ۔
دانش کنیریا نے وزیر اعظم کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ سپاٹ فکسنگ کے سزایافتہ کھلاڑیوں کو کھلایا جارہا ہے لیکن مجھے ناکردہ گناہ کی سزا دی جارہی ہے۔ انگلینڈ بورڈ کی طرف سے تاحیات پابندی لگائی گئی اور2012 سے بے روزگار ہوں جبکہ قومی ٹیم سے باہر کرکے مجھے فاقوں پر مجبور کردیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نہ کبھی فکسنگ کی اور نہ ہی جیل کاٹی ہے پھر بھی مجھ پر کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کردیے گئے ہیں میری درخواست پر غور کیا جائے اور میرے ساتھ انصاف کرتے ہوئے مجھ پر لگی تاحیات پابندی ہٹائی جائے۔
واضح رہے کہ 2012 میں انگلینڈ میں دانش کنیریا پر کاونٹی فکسنگ کا الزام لگا تھا جس کی تحقیقات انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی کمیٹی نے کی تھیں۔ کرکٹ بورڈ کی کمیٹی نے دانش کنیریا کے خلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے ان پر انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی۔