پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دینے کے لیے رابطہ کیا ،عاقب جاوید نے تصدیق کردی
دبئی:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی عاقب جاوید نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دینے کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے ۔عاقب جاوید پہلے بھی پاکستان کی جونیئر اور سینئر ٹیم کے لیے مختلف فرائض سرانجام دے چکے ہیں ۔
سپورٹس 360کے مطابق عاقب جاوید کا کہنا ہے پی سی بی نے مجھ سے رابطہ کر کے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کے لیے امید واروں میں بھی شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے مجھ سے پوچھا کہ اگر آپ کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض دئیے جائیں تو کیا آپ اس کو نبھانے کے لیے تیار ہیں جس پر میں نے کہا کہ اگر مجھے یہ ذمہ داری دی جاتی ہے تو میں خوشی کے ساتھ اس کو نبھانے کے لیے تیار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نہیں دی جاتی تو میں افسردہ نہیںہو نگا ۔عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کے لیے باضابطہ رابطہ کیا گیا تاہم ابھی اس بارے میںامارتی کرکٹ بورڈ سے بات کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ،میں اماراتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کرکے کافی خوش ہوں اور میرا دل یو اے ای کی ٹیم کے ساتھ رہے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں اماراتی کرکٹ بورڈ سے بات کرنے قبل از وقت ہو گا ۔
واضح رہے کہ عاقب جاوید 2012سے یو اے ای ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔