کھیل و ثقافت

’ ناچ بسنتی ناچ‘ کا مطالبہ مہنگا پڑ گیا، عمر اکمل سمیت 5 کھلاڑیوں کیخلاف تحقیقات شروع

فیصل آباد: بالی ووڈ فلم شعلے میں ٹھاکر نے کہا تھا کہ ” ناچ بسنتی ناچ“ مگر یہاں پاکستانی کرکٹرز بھی فیصل آباد کے تھیٹر میں یہی ڈائیلاگ مارتے پکڑے گئے جس پر پی سی بی نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب پاکستان کپ میں حصہ لینے والے پانچ کھلاڑی عمر اکمل، بلاول بھٹی، شاہد یوسف، محمد نواز اور اویس ضیا تھانہ جھنگ بازار کی حدود میں واقع ایک نجی تھیٹر میں سٹیج ڈرامہ ” کڑیاں بلے بلے“ دیکھنے گئے ۔

پاکستان کے قومی ہیروز کو ڈرامہ کے دوران ایک رقاصہ کا تھرکنا اتنا بھایا کہ ’ونس مور‘  کی فرمائش کردی اور تھیٹر میں ’ ناچ بسنتی ناچ‘ کی گردان کرتے رہے ۔ کھلاڑیوں کی جانب سے شور شرابا دیکھ کر تھیٹر انتظامیہ نے انہیں چپ کرانے کی کوشش کی جس پر کھلاڑیوں نے جھگڑنا شروع کردیا۔ انتظامیہ، میزبانوں اور دیگر شائقین کی مداخلت سے قومی ہیروز کو بڑی مشکل سے تھیٹر سے بے دخل کیا گیا۔
کھلاڑیوں کی شرمناک حرکت سامنے آنے پر پی سی بی بھی حرکت میں آگیا اور شعبہ سکیورٹی اینڈ ویجیلنس کو تحقیقات کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں ۔ پی سی بی کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی نے تھیٹر انتظامیہ سے ہال کے باہر لگے سکیورٹی کیمروں کی ویڈیو فوٹیج مانگ لی ہے جس کو دیکھ کر کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ عمر اکمل تنازعات کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں ، ایشیا کپ سے پہلے بھی ان کی حیدر آباد سے رقص کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی ۔
دوسری طرف عمر اکمل نے نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں اور گزشتہ رات کہیں بھی نہیں گیااور میڈیا پر چلنے والی ویڈیو بھی جعلی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close