کھیل و ثقافت

اظہرعلی، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں واپسی کیلئے پرعزم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہرعلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں واپسی کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ فٹنس کے حوالے سے حتمی فیصلہ ڈاکٹر کریں گے تاہم وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے پرامید ہیں۔ اظہرعلی کا کہنا تھا کہ ‘میں روزانہ کی بنیاد پر اپنے ڈاکٹروں سے مشورہ لے رہا ہوں اور وہ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے’۔

خیال رہے کہ اظہرعلی رواں سال جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ کے دوران ہمسٹرنگ کا شکار ہوئے تھے جہاں پاکستان کو 92 رنز سے شکست ہوئی تھی اور اظہرعلی بھی ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔

اظہرعلی نے ڈومیسٹک میں واپسی کرتے ہوئے کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے ایک میچ میں سنچری بھی داغ دی تھی۔ سابق کپتان نے کہا کہ ‘زخمی ہونے کے بعد واپسی کرنا آسان نہیں ہوتا اور یہ وقت مایوسی کا ہوتا ہے’۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اپنا تجربہ ایسی واحد چیز ہے جس کے باعث بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے پرامید ہوں۔

اظہرعلی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے اپنے ڈاکٹروں کے ساتھ سخت محنت کررہے ہیں اور اب وہ میدان میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ پرسکون ہیں۔

بین الاقوامی کرکٹ میں جلد واپسی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘میں اپنے کام کو جاری رکھوں گا جس کو میں نے گزشتہ ایک ماہ سے جاری رکھا ہوا ہے’۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے روانہ ہوگی تاہم اظہرعلی سیریز کے آغاز تک اپنی واپسی کے لیے اس دورانیے کو کافی قرار دے رہے ہیں۔

اظہرعلی کا کہنا تھا کہ ‘چیلنج اور مایوسی تو زندگی کا حصہ ہیں لیکن میں ہمیشہ چیزوں کو مثبت انداز میں لیتا ہوں اور کوشش کرتا ہوں کہ جس طرز میں کھیلنے کا موقع ملے اس پر بھر پور توجہ دوں’۔

اظہرعلی کو 2015 ورلڈ کپ کے بعد مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ سے کنارہ کشی کے اعلان کے بعد ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تاہم مصباح کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سرفراز احمد کو تمام طرز کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close