کھیل و ثقافت

شہزاد کی کرکٹ بورڈ کو رویے میں بہتری کی یقین دہانی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط تحریر کیا ہے جس میں مستقبل میں اپنے رویے میں بہتری لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے درخواست کی ہے کہ انھیں قومی کیمپ میں شامل کر لیا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نےبات کی تصدیق کی ہے کہ احمد شہزاد نے بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ انضمام الحق کی سربراہی قائم سلیکشن کمیٹی نے دو مئی کو انگلینڈ کے دورے کی تیاری کے لیے قومی کیمپ کے اعلان کردہ 35 کھلاڑیوں میں احمد شہزاد اور عمراکمل کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دونوں کرکٹرز کو کیمپ میں شامل نہ کرنے کی وجہ ان کے ڈسپلن کے معاملات بتائے تھے اور یہ کہا تھا کہ سلیکشن کمیٹی ڈسپلن کو ہر قیمت پر اولین ترجیح دے گی تاہم اب تازہ ترین پیش رفت کے بعد اس بات کے امکانات ہیں کہ احمد شہزاد کو معافی دے کر قومی کیمپ میں بلالیا جائے جو 14 مئی سے شروع ہونے والا ہے ۔

یاد رہے کہ احمد شہزاد اور عمراکمل کے بارے میں سابق کوچ وقاریونس یہ کہتے ہوئے آئے تھے کہ دونوں کرکٹرز کے ڈسپلن کے معاملات درست نہیں ہیں ۔

وقاریونس نے سنہ 2015 کے عالمی کپ اور پھر حالیہ ورلڈ ٹی20 کی اپنی رپورٹ میں بھی دونوں کرکٹرز کے بارے میں ذکر کیا تھا۔

غور طلب بات یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے بھی اپنی رپورٹ میں عمراکمل اور احمد شہزاد پر تنقید کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close