کھیل و ثقافت

دوسرا ون ڈے؛ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو8 وکٹوں سے ہرا دیا

نیلسن: دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ہے، نیلسن کے سیکسٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 247 رنز کا ہدف دیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا تاہم صرف ایک کے مجموعی اسکور پر منرو واپس پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی کین ولیمسن 47 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

 

نیوزی لینڈ کی اننگز جاری ہی تھی کہ 64 کے مجموعی اسکور پر بارش کے باعث میچ روکنا پڑا، بارش رکنے کے بعد میچ کا جب آغاز ہوا تو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نیوزی لینڈ کو 25 اوورز میں 151 رنز کا ہدف ملا جو کیویز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 23.5 اوورز میں پورا کرلیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے گپٹل نے 86 اور روز ٹیلر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

 

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اننگز کے آغاز سے ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی، اوپنرز بھی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 14 کے مجموعی اسکور پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ، حسن علی اور شاداب کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو سہارا دیا اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔

 

کپتان سرفراز احمد 3، اوپنر اظہر علی 6، امام الحق 2، بابر اعظم 10 اور شعیب ملک نے 27 رنز بنائے جب کہ نصف سنچری بنانے والے محمد حفیظ نے 60 رنز اسکور کیے۔ حسن علی نے بھی اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی اور 51 رنز پر ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

 

واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بھی ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو 61 رنز سے شکست دی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close