شاہ حسین شاہ نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا
جوڈو کے کھلاڑی شاہ حسین شاہ اس سال برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
بائیس سالہ شاہ حسین شاہ نے جو سابق اولمپیئن باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں، براعظمی کوٹے کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
رواں ہفتے قازقستان میں ہونے والے آخری کوالیفائنگ راؤنڈ میں انھیں برازیل کے رفائیل بوزا کرینی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم ایونٹ کے اختتام پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والے جن جوڈوکاز کی فہرست ترتیب دی گئی اس میں شاہ حسین شاہ کا نام شامل ہے۔
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد خان نے اس بارے میںبتایا کہ شاہ حسین شاہ براعظمی کوٹے پر ریو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنےمیں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن اولمپکس میں کوالیفائی کرنے والے تمام جوڈو کاز کی حتمی فہرست کا اعلان 30 مئی کو کرے گی جس کی توثیق انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نو جون کو کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ کسی وزن کی ایک کیٹگری میں ایک ملک سے ایک ہی کھلاڑی کو حصہ لینے کی اجازت ہوتی ہے چونکہ سو سے کم کلوگرام کی کیٹگری میں ایک ملک کے ایک سے زائد کھلاڑی کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں لہذا متعدد کھلاڑیوں کی اس کیٹگری سے باہر ہونے کی وجہ سے شاہ حسین شاہ اپنی رینکنگ اور کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
شاہ حسین شاہ دو سال پہلے گلاسگو میں ہونے والی دولت مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔
ان کے والد حسین شاہ نے سنہ 1988 کے سول اولمپکس کے باکسنگ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا تاہم بہتر معاشی حالت کے سبب وہ پاکستان چھوڑ کر جاپان چلے گئے تھے