دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلیے سیمنگ ٹریک بنانے کا فیصلہ
تفصیلات کے مطابق ہوم کنڈیشنزمیں انگلینڈ کا ریکارڈ بہترین رہا ہے۔ بہترین بیٹنگ کی حامل بھارتی ٹیم بھی یہاں جدوجہد کرتی نظر آئی، مہمانوں کو یہاں سیریز میں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق میزبان ٹیم کی کارکردگی پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں، انھوں نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کو زیر کرنے والے انگلینڈ کی حالیہ پرفارمنس کا بھی جائزہ لیا، ذرائع نے بتایا کہ انضمام 2013 کے سیزن میں پاکستان ٹیم کے دورئہ جنوبی افریقہ کے نتائج کو دیکھتے ہوئے فکرمندی میں مبتلا ہیں جہاں گرین کیپس کو 3-0 سے کلین سوئپ کی خفت اٹھانا پڑی تھی۔
اس ناقص کارکردگی کی اصل وجہ یہ تھی کہ پاکستانی کھلاڑی یواے ای کی بیٹنگ کیلیے سازگار پچز پر کھیلنے کے عادی تھے،کنڈیشنز بدلتے ہی کھیل کے معیار میں زمین آسمان کا فرق نظر آیا، انضمام الحق اور کپتان مصباح الحق دونوں کا خیال ہے، انگلش وکٹوں پر بہتر کارکردگی کیلیے گرین کیپس کو جلد از جلد وہاں کی کنڈیشنز کے مطابق خود کو ڈھالنا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق متوقع چیلنجزکوسامنے رکھتے ہوئے چیف سلیکٹر نے پی سی بی کے چیف کیوریٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ 29 مئی سے لاہور میں تجویز کردہ تربیتی کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو اسی طرح کی سیمنگ پچز فراہم کرنے کی کوشش کریں جن کا انھیں انگلینڈ میں سامنا کرنا پڑے گا۔
انضمام الحق کی تجویز پر ہی ٹیم کو شیڈول سے پہلے انگلینڈ بھیج کر ہیمپشائر کاؤنٹی میں کیمپ لگانے کا بھی پلان بنایا جاچکا ہے، چیف سلیکٹر پرامید ہیں کہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر کو دورئہ انگلینڈ کیلیے ویزا جاری کردیا جائیگا اورپاکستانی بولنگ اٹیک حریف ٹیم کیلیے مشکلات پیدا کرنے میں کامیاب ہوگا،ذرائع کے مطابق کیوریٹرز اچھی طرح آگاہ ہیں کہ پاکستان کے موسمی حالات میں انگلینڈ جیسی سیمنگ پچز بنانا ممکن نہیں، تاہم انضمام الحق کی ہدایت پر ملتے جلتے ٹریک تیار کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ دورہ انگلینڈ کیلیے سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ 35ممکنہ کھلاڑیوں میں سے 30 پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فٹنس بہتر بنانے کیلیے سخت ٹریننگ کررہے ہیں۔
انجرڈ یاسر شاہ، محمد حفیظ، عماد وسیم، حارث سہیل اور ذوالفقار بابر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی پروگرام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیمپ کی کاکول اکیڈمی سے لاہور منتقلی کے بعد نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی جوائن کر لیں گے، یہاں ایک ہفتے تک کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلیے کام کیا جائے گا، چیف سلیکٹر انضمام الحق جمعہ کو ساتھی رکن وسیم حیدر کے ہمراہ کاکول اکیڈمی پہنچ گئے، انھوں نے کرکٹرز کی ٹریننگ کا مشاہدہ کیا، فوجی ٹرینرز سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد ان سے فٹنس رپورٹس بھی حاصل کیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ کاکول میں ٹریننگ ختم ہونے کے بعد بھی دورہ انگلینڈ کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔
امکان یہی ہے کہ چیف سلیکٹر اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ان میں سے 22 کو لاہور کیمپ میں مدعو کریں گے، اس دوران پلیئرز کے ویزوں کے حوالے سے صورتحال بھی واضح ہوجائے گی، ہیڈ کوچ سے مشاورت کا موقع بھی مل جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے دورہ انگلینڈ میں 4ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلنا ہیں، سیریز کا آغاز 14 جون سے لارڈز میں شیڈول طویل فارمیٹ کے پہلے میچ سے ہو گا۔