کھیل و ثقافت

دوسرا ٹی20؛ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری

آکلینڈ: دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کے 201 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 201 رنز بنائے جب کہ ہدف کے تعاقب میں کیویز کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور احمد شہزاد نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم احمد شہزاد 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ فخرزمان نے نصف سنچری اسکور کی اور 96 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کی قیادت کپتان سرفراز احمد اور بیٹسمین بابر اعظم نے سنبھالی، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 91 رنز کی شراکت قائم کی تاہم سرفراز احمد 187 کے مجموعی اسکور پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ بابر اعظم نے صرف 29 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست رہے۔

پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ٹور میں ابھی تک مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے، ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کے بعد ویلنگٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیریز میں واپسی کے لیے پاکستان کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تمام میچز میں شکست دیکر وائٹ واش کرچکا ہے جب کہ ٹی 20 سیریز میں بھی نیوزی لینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close