کھیل و ثقافت

پاکستان میں پہلی مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی

لاہور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی جہاں لاہور کے نجی ہوٹل سابق فرانسیسی فٹبالر کرسٹیان کیرم نے اس کی رونمائی کی۔ پاکستان کے عظیم کرکٹر یونس خان، گلوکارہ مومنہ مستحسن، قرۃ العین بلوچ اور اداکارہ مایا علی نجی پرواز کے ذریعے ٹرافی لے کر لاہور پہنچے۔

ایئرپورٹ پر پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ نے ٹرافی وصول کی جس کے بعد اسے رونمائی کے لیے لاہور کے ایک نجی ہوٹل پہنچایا گیا جہاں ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی۔

تقریب کے دوران ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے 1998 میں فرانس کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے فٹبالر کرسٹیان کیرم نے کہا کہ ’مجھے لاہور پہنچنے پر بے حد خوشی محسوس ہوئی‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ فیفا ٹرافی کا آنا اعزاز کی بات ہے۔

سابق فرانسیسی فٹبالر نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، ہم کھیلوں کے ذریعے اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی کرکٹ اسٹار اور عظیم بلے باز یونس خان نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے نزدیک فٹبال ایک دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے اور فیفا کی ٹرافی کا پاکستان آنا بہت بڑی بات ہے‘۔

پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی رونمائی کے لیے پاکستان آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجود فٹبالرز کے لئے ٹرافی کا آنا حوصلہ افزاء ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ایک دن پاکستان بھی فٹبال میں اعلیٰ مقام حاصل کرے گا۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی نے گزشتہ ماہ 22 جنوری کو لندن سے اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز کیا جو اپنے طویل دورے کے دوران دنیا کے چھ براعظموں کے 51 ممالک کے 91 شہروں کا دورہ کرے گی۔

اس مرتبہ فیفا نے کئی ایسے ملکوں کو بھی دورے کا حصہ بنایا ہے جہاں اس سے قبل فیفا ٹرافی کو نہیں لے جایا گیا اور منگولیا، آئس لینڈ اور آسٹریا جیسے ممالک بھی پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب کی میزبانی کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close