اعصام الحق اور ڈینیل نیسٹر کی جوڑی
پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور کینیڈا کے ڈینیل نیسٹر کی جوڑی ’’فرنچ اوپن مینزڈبل‘‘ میں کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں جاری ’’فرنچ اوپن مینز ڈبل‘‘ کے مقابلوں میں پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور کینیڈا کے اسٹار ڈینیل نیسٹر کی جوڑی نے فرنچ اوپن ٹینس کے دوسرے مرحلے میں اسرائیل کے جوناتھن ایرلک اور برطانیہ کے کولن فلیمنگ کو 6-3 اور 7-6 سے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کے تیسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
اس سے قبل ایونٹ کے ابتدا میں اعصام الحق اور ڈینیل نیسٹر پر مشتمل جوڑی نے اسپین کے کروینٹس اور اطالوی کھلاڑی لورینزی کو 7-6 اور 7-5 کے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دی تھی۔
یاد رہے پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق فرنچ اوپن میں 9 مرتبہ شرکت کرچکے ہیں،وہ 34 گرینڈ سلیم ایونٹ میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
اعصام الحق نے 2010 کے ’’یو ایس اوپن‘‘ کے ’’مینز ڈبلز‘‘ اور ’’مکسڈ ڈبلز‘‘ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے تھے،جو ان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔
اس کے علاوہ عصام الحق دو مرتبہ یو ایس مینز ڈبلز کے مقابلوں میں ’’آرتھرایشے ہیومنیٹیرین ایوارڈ‘‘ بھی حاصل کر چکے ہیں، پہلی مرتبہ یہ ایوارڈ 2002 میں اسرائیل کے عامر ہیدید جب کہ دوسری بار یہ اعزاز 2010 میں ہندوستان کے روبن بوپنا کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کیا تھا۔