ثقلین مشتاق انگلش باؤلرز کو اسپن باؤلنگ کے گر سکھانے کے لیے تیار ہوگئے
لندن، : پاکستان کے لیجنڈ اسپنر ثقلین مشتاق انگلش باؤلرز کو اسپن باؤلنگ کے گر سکھانے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔’دوسرا ‘ کے تخلیق کار ثقلین مشتاق نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) سے مختصر مدت کے لیے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے معاہدہ کر لیا لیکن وہ میڈیا کے حوالے سے مصروفیات کے باعث پاک ۔ انگلینڈ سیریز کے صرف دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق جولائی سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران یاسر شاہ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر لیں۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے چند روز پہلے ثقلین مشتاق کو قلیل مدت کے لیے اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کی پیش کش تھی۔ 22 سے 26 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوران جہاں ثقلین مشتاق پاکستانی نڑاد انگلش اسپنرز عادل رشید اور معین علی کو مزید گر سکھائیں گے، وہیں انگلش بلے بازوں کو سب سے بڑے خطرے یاسر شاہ کے خلاف موثر حکمت عملی بھی بتائیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو 0۔2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسپنر یاسر شاہ نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ دورہ انگلینڈ میں پاکستان اسپن بولنگ پر ہی انحصار کرے گا لیکن اب ثقلین مشتاق کے معاہدے نے گرین شرٹس کے لیے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ 39 سالہ ثقلین مشتاق اس سے قبل نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ باؤلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی تا ستمبر تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا