کھیل و ثقافت

میکسیکو کے اغوا شدہ فٹ بالر کو بازیاب کروا لیا گیا

میکسیکو میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی شمالی سرحدی ریاست تاماولیپاس سے اغوا کیے جانے والے بین الاقوامی فٹبالر ایلن پلیڈو کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 25 سالہ سٹرائکر کو اتوار کے روز سیوداد وکٹوریا میں ان کے گھر کے قریب سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ ایک پارٹی سے آرہے تھے۔

ایلن پلیڈو یونان کی ٹیم اولمپیاکس کے لیے کھیلنے کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے لیے بھی کئی میچ کھیل چکے ہیں۔

حکام کے مطابق ایلن پلیڈو خیر و عافیت سے ہیں انھیں اتوار کی شب سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران بازیاب کروایا۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں گیا۔

میکسیکن ذرائع ابلاغ میں ایلن پلیڈو کے ہاتھ پر بندھی ہوئی پٹی کے ساتھ تصاویر دکھائی گئی ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایلن پلیڈو اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ سنیچر کو رات گئے پارٹی سے واپس آرہے تھے کے چند گاڑیوں نے ان کی گاڑی کا گھراؤ کیا۔

اطلاعات کے مطابق چھ افراد جنھوں نے چہرے چھپائے ہوئے تھے نے میکسیکن فٹبالر کو ’زبردستی‘ گاڑی سے اتارا اور ساتھ لے گئے جبکہ ان کی گرل فرینڈ کو وہیں چھوڑ دیا تھا۔

ایلن پلیڈو نے یونان کے فٹ بال کلب اولمپیاکس میں گذشتہ جولائی میں شمولیت اختیار کی اور سیزن کا اختتام 15 میچوں میں چھ گول کے ساتھ کیا۔

واضح رہے کہ میکسیکو میں اغوا کی شرح دنیا میں سب زیادہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال تقریباً ایک ہزار افراد اغوا کر لیے جاتے ہیں۔

جبکہ بعض کا کہنا ہےکہ یہ صحیح اعداد و شمار اس سے دس گناہ زیادہ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close